بدھ 28؍محرم الحرام 1445ھ16؍اگست 2023ء

بیلجیئم یورپی انوویشن اسکور بورڈ 2023 کا پانچوں سب سے زیادہ اختراعی ملک قرار

بیلجیئم کو سالانہ یورپی انوویشن اسکور بورڈ 2023 میں ڈنمارک، سوئیڈن، فن لینڈ اور نیدرلینڈز کے بعد یورپی یونین کا پانچواں سب سے زیادہ اختراعی ملک قرار دیا گیا ہے۔

یورپین یونین کی جانب سے شائع ہونے والے سالانہ یورپین انوویشن اسکور بورڈ 2023 کے مطابق بیلجیئم کی اختراعی کارکردگی یورپین اوسط سے 125 فیصد زیادہ ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب ڈنمارک نے سوئیڈن کو پیچھے چھوڑا ہے، جو کئی سالوں سے سرفہرست تھا۔ یہ سالانہ جائزہ ملک کے اختراعی اسکور کا تعین کرنے کے لیے متعدد پیمائشوں کا استعمال کرتا ہے، جن میں تعلیمی اداروں سے ڈاکٹریٹ کر کے نکلنے والے گریجویٹس، تربیت کے مواقع اور پیٹنٹ کی درخواستیں شامل ہیں۔

اس سکور بورڈ کے مطابق رومانیہ، بلغاریہ، لیٹویا، پولینڈ اور سلواکیہ کو بلاک کے سب سے کم اختراعی ممالک کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، جن کی کارکردگی ای یو اوسط کے 70 فیصد سے کم ہے۔

دوسری جانب 11 یورپی ممالک کے اضافی تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ سوئٹزرلینڈ واقعی یورپ کا سب سے اختراعی ملک ہے۔

واضح رہے کہ سالانہ یورپی انوویشن اسکور بورڈ (ای آئی ایس) یورپی یونین کے رکن ممالک اور منتخب تیسرے ممالک کی تحقیق اور اختراعی کارکردگی اور ان کی تحقیق اور اختراعی نظام کی نسبتی طاقتوں اور کمزوریوں کا تقابلی جائزہ فراہم کرتا ہے۔

یہ ممبر ممالک کو ان شعبوں کا جائزہ لینے میں مدد کرتا ہے جن میں انہیں اپنی جدت طرازی کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ یورپین یونین کی جانب سے ای آئی ایس 2023 تیسرا ایڈیشن ہے جس کی بنیاد 2021 میں متعارف کرائے گئے نئے پیمائشی فریم ورک پر رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اختراعی کارکردگی کا یہ یورپین اسکور بورڈ یورپ کے تمام ممبر ممالک، 11 دیگر غیر ممبر یورپی ممالک اور کم تفصیلی سطح پر یورپ کے 11 عالمی حریفوں کا احاطہ بھی کرتا ہے۔

اس دستاویز کا مطالعہ پاکستان کے ان پالیسی سازوں کیلئے گائیڈ لائنز کی حیثیت رکھتا ہے جو علم کی معیشت کو ترقی دے کر پاکستان کی صورتحال کو بدلنے کے خواہشمند ہیں۔

اسی طرح یہ پاکستان کی وزارت خارجہ اور اس سے تعلق رکھنے والے ان سفارت کاروں کیلئے بھی دلچسپی کا حامل ہو سکتا ہے جو باہمی تعلقات کے لگے بندھے راستوں کے علاوہ آؤٹ آف باکس طریقے ڈھونڈتے ہوں۔

جیسا کہ پاکستان کے موجودہ سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان برسلز میں اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران یورپی یونین اور اس کے بے شمار اداروں سے پاکستان کیلئے کچھ نہ کچھ حاصل کرنے کے بارے میں سوچتے رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.