وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کے پاس بیرونِ ملک پاسپورٹ ہے وہ ہم سے زیادہ محبِ وطن ہیں، میں نے امریکی پاسپورٹ نہیں لیا، جن لوگوں نے امریکی پاسپورٹ لیا ہے وہ بھی محبِ وطن ہیں۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر اوورسیز پاکستانیوں کے مظاہرے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دل نہ دکھایا جائے، یہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑا ہوں، یہ دھرنا دیں، بھوک ہڑتال کریں، میں بھی اس میں شریک ہوں گا۔
شہباز گِل نے کہا کہ میں خود ایک دہائی سے زیادہ اوورسیز رہا ہوں، مجھے ان کی مشکلات کا اندازہ ہے، اوورسیز کو حق دینے کی بات ہوتی ہے تو سیاسی جماعتوں کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا ک نون لیگ کہتی ہے کہ اوورسیز کو پاکستان کی سیاست کا معلوم نہیں، سمجھ نہیں، شہباز شریف نے ماضی میں امریکا میں ایک ڈاکٹر کو جھوٹی رپورٹ بنانے کا کہا تھا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط نے یہ بھی کہا کہ میں یہاں حکومتی عہدے دار کی حیثیت سے نہیں آیا، میں یہاں اوورسیز پاکستانیوں کے کندھے سے کندھا ملا کر یک جہتی کرنے کے لیے آیا ہوں۔
Comments are closed.