بھارت میں اعلیٰ تعلیم یافتہ شہری پروفیسر کی نوکری چھوڑ کر سبزی بیچنے پر مجبور ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 39 سالہ ڈاکٹر سندیپ سنگھ اپنا گزر بسر کرنے کےلیے سبزی فروش بن گئے ہیں۔
ان سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے چار مختلف مضامین میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ ایک مضمون میں پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں۔
انہوں نے لاء میں پی ایچ ڈی کیا، جبکہ لاء سمیت پنجابی، صحافت اور سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
ڈاکٹر سندیپ سنگھ پٹیالہ کی جامعہ پنجاب کے شعبہ قانون میں 11 برس تک بطور کانٹریکٹ پروفیسر پڑھاتے رہے لیکن انہیں چانک اپنی ملازمت چھوڑنی پڑ گئی۔
ملازمت چھوڑنے سے متعلق ڈاکٹر سندیپ کا کہنا تھا کہ مجھے نوکری اس وجہ سے چھوڑنی پڑی کیونکہ مجھے تنخواہ وقت پر نہیں ملتی تھی جبکہ اس میں کٹوتی بھی معمول بن گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان تمام وجوہات کی بنا پر میرا اس ملازمت سے گزارا مشکل ہوگیا ہے۔ لہٰذا میں نے سبزی بیچنے کا فیصلہ کیا اور میں اب پروفیسر سے زیادہ سبزی والا بن کر کمارہا ہوں۔
ڈاکٹر سندیپ سنگھ نے اپنے سبزی کے ٹھیلے پر پی ایچ ڈی سبزی والا تحریر کروایا ہوا ہے۔ وہ گھر گھر جاکر سبزی فروخت کرتے ہیں۔
Comments are closed.