نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا عین اس روز ہوا جب بھارت اور اسرائیلی سفارتی تعلقات کے 29 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے تھے۔ بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے معلومات لی جارہی ہیں، دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے، دھماکے والی جگہ کو خالی کروا کر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ بارودی مواد فٹ پاتھ کے نیچے چھپایا گیا تھا۔دہلی پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ دھماکا شام 5 بجے کے قریب ہوا، دھماکے کی وجہ سے تین سے چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گیا ۔انڈیا ٹی وی کے مطابق یہ دھماکا وجے چوک سے دوکلو میٹر کے فاصلے پر ہوا ہے، جہاں پر عسکری تقریب ہونا تھی، اس تقریب میں بھارتی صدر رام ناتھ ، وزیراعظم نریندرا مودی، عسکری چیفس سمیت دیگر اہم لوگوں نے شرکت کرنا تھا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ 2012 میں بھی نئی دہلی میں اسرائیل کے سفارت خانے پر اسی قسم کا دھماکا کیا گیا تھا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔
The post بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا، متعدد گاڑیاں تباہ appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.