قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل اپنے زور بازو پر مقامی لوگوں کا استحصال کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں یومِ استحصال کشمیر پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کے دن 2019 میں کشمیریوں اور کشمیر کی لیگل حیثیت ختم کردی گئی تھی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان پر ہم سب کا ایک ایجنڈا ہے، پاکستان کے عوام کشمیر کی جدوجہد کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا سے اپنی بات منوانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم خود مضبوط ہوں، ہمیں کشمیری حریت پسندوں کا مقدمہ دنیا میں بہتر طریقے سے پیش کرنا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج دنیا میں بھارت پانچویں بڑی اکانومی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا تنازع کشمیر ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خود اپنے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی کی بنیاد میں مسئلہ کشمیر شامل ہے، ہم ہر فورم پر کشمیر کے حقوق اور اس کی آزادی کے مؤقف کو سپورٹ کرتے ہیں۔
Comments are closed.