ہفتہ 28؍جمادی الثانی 1444ھ21؍جنوری 2023ء

بھارتی کرکٹر کا منیجر اس کے 44 لاکھ ہڑپ کرگیا

بھارتی کرکٹر امیش یادیو کا منیجر ان کے 44 لاکھ روپے ہڑپ کرگیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر کے ساتھ اتنا بڑا فراڈ کرنے والا یہ منیجر ان کا دوست ہی تھا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلیش ٹھاکرے نامی 37 سالہ شخص نے امیش یادیو کو یہ بتاتے ہوئے 44 لاکھ روپے لیے کہ وہ کرکٹر کےلیے پلاٹ خرید رہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب امیش یادیو پہلی مرتبہ بھارتی ٹیم کےلیے منتخب ہوئے تھے۔ 

حکام نے بتایا کہ امیش یادیو کا کہنا تھا کہ سیلیش ٹھاکرے نے پہلے میرا اعتماد حاصل کیا جس کے بعد وہ تمام مالی معاملات دیکھنے لگا۔

امیش کا کہنا تھا کہ ٹھاکرے میرا بینک اکاؤنٹ، انکم ٹیکس اور دیگر مالیاتی امور بھی دیکھنے لگا تھا۔ 

حکام نے کہا کہ امیش یادیو ناگپور میں ایک زمین خریدنا چاہتے تھے جس کے لیے انہوں نے منیجر سے کہا، تاہم انہوں نے امیش کو فوری 44 لاکھ ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانے کے لیے کہا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ امیش یادیو نے رقم تو جمع کروادی لیکن سیلیش نے پلاٹ بھارتی کرکٹر کے بجائے اپنے نام پر خرید لیا۔ 

حکام نے بتایا کہ جب امیش کو اپنے ساتھ ہوئے اس فراڈ کا علم ہوا تو انہوں نے اپنے منیجر سے پلاٹ واپس کرنے کو کہا لیکن منیجر نے نہ صرف پلاٹ بلکہ رقم دینے سے بھی انکار کردیا۔ 

بعد ازاں بھارتی کرکٹر منیجر کیخلاف پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور ایف آئی آر درج کروادی۔ تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.