بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بھارتی پولیس کی مسلمانوں سے تراویح میں کورونا کے خاتمے کیلئے دعا کی اپیل

بھارت کے شہر ممبئی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ڈیوٹی پر معمور پولیس نے مسلمانوں سے تراویح میں کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے دُعا کرنے کی اپیل کردی۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ممبئی پولیس اہلکار کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے لیے سڑک پر موجود اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

ایسے میں ایک پولیس اہلکار لاؤڈ اسپیکر میں مسلمان برادری سے مخاطب ہوتے ہوئے اُنہیں ماہِ رمضان کی مبارکباد دیتا ہے۔

ممبئی پولیس اہلکار نے ماہِ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے سُنا ہے کہ آپ اپنے اس مقدس مہینے میں تراویح کی نماز ادا کرتے ہیں جس میں مانگی گئی ہر دُعا لازمی قبول ہوتی ہے۔‘

پولیس اہلکار نے مسلمان برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ آج لازمی تراویح کی نماز میں عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے دُعا کریں۔‘

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ اُن کی دُعائیں کورونا وائرس سے شدید متاثر بھارت کے ساتھ ہیں۔

ممبئی پولیس اہلکار کی یہ ویڈیو ناصرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی خوب وائرل ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے آگے ملک کا صحت کا نظام ناکام ہوگیا، اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی، لوگ آکسیجن کی عدم فراہمی پر جان سے جانے لگے۔

کیسز بڑھنے پر اسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائن لگ گئی، اسپتالوں میں آکسیجن کم پڑ گئی، میتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.