کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والی بھارتی ایئرلائن کی شارجہ سے حیدر آباد دکن کی پرواز کے 186 مسافر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 14 گھنٹے کے قیام کے بعد متبادل طیارے سے منزل کی بجائے بھارتی شہر احمد آباد کے لیے روانہ ہوگئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی شارجہ سے حیدر آباد دکن کی پرواز 6E-1406 ہفتے اور اتوار کی رات ڈیڑھ بجے پاکستان کی فضائی حدود میں سمندر پر منزل کی طرف محو پرواز تھی کہ ایئربس اے 320 طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کے طیارے کے انجن نمبر دو میں خرابی کا بتایا۔
ذرائع کے مطابق طیارہ 37 ہزار فٹ کی بلندی سے اچانک 32 ہزار فٹ پر آگیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پائلٹ کو کراچی ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈ کروانے کی اجازت دی۔ اس پرواز نے پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجکر 15 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
پاکستانی انجینئرز نے معائنے کے بعد طیارے کو فوری اڑان کے لیے ان فٹ قرار دیا۔ ایئرپورٹ گراؤنڈ اسٹاف نے پائلٹ کی اجازت سے طیارے میں سوار 186 مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا۔ جہاں بھارتی ایئرلائن کے مسافروں کو خوراک اور ضرورت کا سامان فراہم کیا گیا۔
مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے لیے انڈیگو ایئر کی متبادل پرواز 6E-9001 احمد آباد سے اتوار کی دوپہر 12 بجکر 29 منٹ پر کراچی پہنچی۔ کراچی ایئرپورٹ پر 14 گھنٹے تک قیام پذیر 186 مسافر ٹھیک کیے گئے اسی طیارے میں اتوار کی شام 4:30 بجے اپنی منزل حیدر آباد دکن کی بجائے احمد آباد کے لیے روانہ ہوگئے جبکہ امدادی پرواز اس سے قبل چار بج کر آٹھ منٹ پر کراچی سے احمد آباد کے لیے روانہ ہوئی۔
رواں دو ہفتے کے دوران یہ دوسری بھارتی مسافر پرواز ہے جسے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ پانچ جولائی کو بھارتی نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ کی دہلی سے دبئی کی پرواز ایس جی 11 نے بھی اسی نوعیت کی صورتحال میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
Comments are closed.