پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کےلیے بھارتی ویزوں کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروادیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے متن کے مطابق پی سی بی نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور ہوسٹ ممبرز ایگریمنٹ کی یاددہانی کروائی ہے۔
خط میں پی سی بی نے کہا کہ تین سال سے اسی ایشو سے متعلق بار بار کہا گیا، پاکستان کے تحفظات پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا اور آج صورتحال یہ ہے کہ تاحال پاکستانی اسکواڈ کو ویزے جاری نہیں ہوئے۔
اس میں کہا گیا کہ پاکستان ٹیم، آفیشلز، فینز اور میڈیا کے ویزوں کا معاملہ اٹھایا جاتا رہا۔ اس بارے میں رویہ مایوس کن رہا ہے۔
پی سی بی نے خط میں کہا کہ غیر یقینی کی صورتحال ہے، گزرتے وقت کے ساتھ یہ صورتحال بڑھتی جا رہی ہے جو پریشان کن ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو کہا کہ جب بھی رابطہ کیا گیا تو کہا گیا کہ 24 گھنٹوں میں ویزے آجائیں گے، افسوس ہے کہ اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور امید دلانے کے باوجود اب تک ویزوں کا اجراء نہیں ہو سکا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں یہ بھی کہا کہ قومی اسکواڈ کو دبئی میں دو روز قیام کرنا تھا، ویزے بروقت نہ ملنے سے دبئی میں دو روز رکنے کے پلان کو دھچکا لگا۔
Comments are closed.