مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ بلیک منی مافیا کو کنسٹرکشن سیکٹر میں لایا گیا ہے، یہ 50 لاکھ وہ گھر نہیں، غریب عوام قرض سے گھر لے رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا کہ صبح دوپہر شام تک یہ سب جھوٹ بولتے ہیں، پاکستانی عوام سے آپ جھوٹ نہیں بول سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ان 50 لاکھ گھروں کی گنتی شروع نہیں ہو گی جن کا انہوں نے اعلان کیا تھا، چینی مافیا آپ کے اردگرد بیٹھ کر فیصلے کروا رہی ہے، عمران خان کے دستخط سے چینی ایکسپورٹ کی گئی، ان کے دستخط سے چینی مہنگی ہوئی، چور وزیرِ اعظم کے مسلط ہونے سے عوام غریب ہوتے ہیں۔
مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ آپ نے انہیں نہیں پکڑا کیوں کہ وہ آپ کے اے ٹی ایمز ہیں، ہمارے رہنماؤں کو سزائے موت کی کوٹھڑی میں رکھا گیا، بنی گالہ میں کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل کی برانچ کھول لیں، سب کو بنی گالہ میں ڈال دیں تاکہ آپ کو تسکین مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی اشیاء مہیا کرنے والوں کو جیل میں ڈال دیا گیا، چور وزیرِ اعظم کے مسلط ہونے سے ملک میں مہنگائی ہوتی ہے اور عوام غریب ہوتے ہیں، عوام آپ کی اصلیت جان چکے ہیں۔
ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ طاقتور کو قانون کے نیچے مسلم لیگ نون لے کر آئی، عدالتوں کے فیصلے ہمارے لیے تمغے ہیں، چوری منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
مریم اورنگ زیب نے یہ بھی کہا کہ ہم سزا بھگت چکے، اب عمران خان کی باری ہے، اب باری جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور آپ کے دائیں بائیں لوگوں کی ہے۔
Comments are closed.