کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ میں برفباری سے جاتی سردی لوٹ آئی، زیارت میں 10انچ برف باری، کوئٹہ میں21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ہفتہ سے بارش کا سلسلہ تھم جانے اور موسم کی صورتحال میں بہتری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو زیارت میں برف باری اور بارکھان، دالبندین، قلات، خضدار، نوکنڈی، کوئٹہ، سبی، ژوب، اوستہ محمد، چمن، لورالائی، پشین میں وقفے وقفے کے ساتھ ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
گزشتہ شب زیارت، توبہ کاکڑ اور دیگر علاقوں میں برفباری اور بولان، قلعہ سیف اللّٰہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا زیارت میں پڑنے والی برف کو سڑکوں سے ہٹانے کیلئے انتظامیہ نے لیویز اور دیگر حکام سے ملکر سڑکوں پر پڑی برف کو ہٹا کر ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کردیا۔
بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر سیلابی ریلا آنے کے بعد کوئٹہ سبی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
Comments are closed.