بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں نمایاں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے 19 اور کوئٹہ سے 4 نئے مریض سامنے آئے، جبکہ کورونا میں مبتلا 42 مریض صحتیاب ہوگئے۔ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 3.9 فیصد رہی۔
محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو صوبے میں 290 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں صوبے کے دو اضلاع سے 23 نئے کیسز سامنے آئے۔
ان میں 19 کورونا کیسز ضلع لسبیلہ سے اور چار کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 3.9 فیصد رہی۔
صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 788 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 6 مریضوں کو ہائی آکیسجن فلو پر رکھا گیا ہے۔ تاہم کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 42 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 18ہزار 357 ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 193 ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی تشخص کیلئے473 ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں کورونا کے 4 مریض سامنے آئے۔ کوئٹہ میں آج کورونا کی شرح 0.8 فیصد رہی۔
Comments are closed.