بلوچستان کے مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ ان علاقوں میں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جس کی شدت 5 ریکارڈ ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شام 6 بجکر 52 منٹ پر مکران ڈویژن کے علاقوں پسنی، گوادر، اورماڑہ، کیچ اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ زلزلے کا مرکز گوادر کی تحصیل پسنی کے قریب تھا جبکہ زیر زمین گہرائی 60 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے بعد پسنی اور مکران کے مختلف علاقوں میں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس کی شدت 5 ریکارڈ ہوئی۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری خوف زدہ ہوئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر کا کہنا ہے کہ پسنی میں آنے والا زلزلہ سمندر میں سبڈکشن زون میں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد اس کے بعد ایک اور آفٹر شاکس بھی آیا، تاہم پانچ کی شدت کے زلزلوں سے سونامی پیدا نہیں ہوتا۔
ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر کے مطابق 6.5 سے زائد شدت کے زلزلے سے سونامی کا خطرہ رہتا ہے۔
Comments are closed.