پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی بلدیہ ٹاؤن میں کوئی تنظیم نہیں، تو یہ یہاں آ کیسے گئی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہار جیت کی بات نہیں کر رہا، میں کہہ رہا ہوں کہ اس حلقے میں پیپلز پارٹی آ کیسے گئی۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بلدیہ میں کوئی تنظیم نہیں، بلدیہ میں پیپلز پارٹی کے کیمپ خالی تھے، یہاں پیپلز پارٹی نے صرف جھنڈے لگائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا تو مقابلہ بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں تھا، مجھے تو سمجھ نہیں آرہا، انہوں نے خاموشی سے کام کیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کو پی ٹی آئی نے کے فور کا منصوبہ دیا، گرین لائن جلد مکمل ہوجائے گی، یہ سارا کام صوبائی حکومت کا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے بلدیہ میں ڈلیور کیا ہے، بلدیہ ٹاؤن میں 35 کروڑ روپے سڑکوں پر خرچ ہوئے ہیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کو جتنے فنڈز ملے انہوں نے حلقے میں لگائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں، این اے 249 کا نتیجہ پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت کو قبول نہیں۔
Comments are closed.