وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم بلاکس کی سیاست میں نہیں، دنیا کے اہم رہنماؤں کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی کامیاب ہے۔
اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوشش ہے کہ وزارت خارجہ کو سیاسی جماعتوں سے بالا رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں دہشتگردی کو روکنا چاہیے، ہمارے ہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اور افغانستان میں بھی دہشتگردی ہوتی ہے، دہشتگردی کو روکنا دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے، پاکستان دہشتگردی کے مقابلے کیلئے افغانستان کو مدد دینے کیلئے تیار ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو نے جو اسلحہ اور سپلائز چھوڑی ہیں وہ بعض جگہوں پر دہشتگردوں کے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کیلئے مذاکرات آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے باجوڑ واقعہ کی تعزیت کرنے گیا تھا۔
Comments are closed.