اتوار 16؍شوال المکرم 1444ھ7؍مئی 2023ء

بلاول بھٹو کے گوا اجلاس میں شرکت پر پی ٹی آئی اور بی جے پی پروپیگنڈہ کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی جاپان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دہشت گرد اور بھارتی کٹھ پتلی تنظیم قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ 

شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی کی طرف سے پروپیگنڈہ اور دوسری طرف بھارت میں انتہا پسند تنظیمیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کی بھرپور مخالفت ایک مخصوص ایجنڈا تھا۔

اپنی بات جاری کرتے ہوئے شاہد مجید ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے نانا اور ماں کی روایت کو زندہ کرتے ہوئے بھارت کی سر زمین پر کھڑے ہو کر جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف، یکطرفہ طور پر مقبوضہ ریاست کے اسٹیٹس کی تبدیلی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دو ٹوک مؤقف اختیار کر کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار ملک کو شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سامنے بےنقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج برملا اعتراف کیا جارہا ہے کہ نیازی حکومت میں ایک کمزور اور مردہ خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا تھا،  آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نہ صرف دنیا بھر میں بہتر سفارتی تعلقات قائم کر رہے ہیں بلکہ قابلیت اور فراست کی بنیاد پر وہ آج عالمی توجہ کا مرکز بھی بن گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک مؤقف اپنا کر کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔

شاہد مجید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے بھارت کے دورے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ پی ٹی آئی اور بی جے پی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.