اتوار30؍شوال المکرم 1444ھ21؍مئی 2023ء

بلاول بھٹو کا دورۂ کشمیر بہت اہم ہے، فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی کے ترجمان اور وزیرِ مملکت فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ آج ایک اہم دن ہے کیونکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو 3 روزہ دورے پر کشمیر روانہ ہو رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ وزیرِ خارجہ کشمیر میں پارلیمنٹیرینز سے عشائیے میں ملاقات کریں گے اور قانون ساز اسمبلی سےخطاب بھی کریں گے۔

اُنہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری پرسوں باغِ کشمیر میں بھی ایک جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کی بات کی ہے، کچھ ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 کانفرنس میں جانے سے انکار بھی کیا، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے کامیاب دورے کیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیرِ خارجہ نے عالمی فورمز پر بھی ہمیشہ کشمیر کی رائے شماری پر زور دیا۔

اُنہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پاکستان اور بیرونِ ملک مذمت کی جا رہی ہے، عمران خان کو امریکا سے منتیں کرنے کے بجائے ملک کی سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے چاہیے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کا امریکی سازش سے امریکی غلامی تک کا سفر کل سب نے دیکھ لیا، ہم نے کبھی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، اگر عمران خان پارلیمنٹ میں رہ کر مذاکرات کرتے تو اُنہیں وے فارورڈ نظر آتا۔

ترجمان پیپلز پارٹی کا مزید کہنا ہے عمران خان ہر اہم موقع کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے لوگ ملک پر مسلط ہوں تو ملک کا خدا ہی حافظ ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ 23 مئی کو پیپلز پارٹی تاریخ ساز جلسہ کرنے جا رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.