وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری ایک بار بھی دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز دھاندلی سے ہی وزیراعظم بن سکتے ہیں، اسی لیے ان کو انتخابی اصلاحات میں دلچسپی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف یا ن لیگ نے کبھی انتخابی اصلاحات کی بات نہیں کی، حکومت جو بھی اصلاحات لاتی ہے یہ گھر بیٹھ کر کہہ دیتے ہیں کہ ہم نہیں مانتے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اُنہیں نہ ووٹنگ مشین دیکھنے میں دلچسپی ہے نہ تجاویز دیتے ہیں، گھر بیٹھے تجاویز پر بیان دیتے ہیں ہم نہیں مانتے، بدقسمتی ہے اس طرح کی سیاسی قوتوں کو کہنا پڑتا آئیں ساتھ چلیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کبھی نواز شریف اور آصف زرداری کے منہ سے سنا انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں، یہ کبھی بغیر دھاندلی نہیں جیتے، اس لیے سسٹم تبدیل کرنے میں دلچسپی نہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی واحد حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات کی بات کررہی ہے، ہم عوام کی مدد سے انتخابی اصلاحات لائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی قیادت پالیسیاں طے کرتی ہے، ان کی تمام سیاست کیسز کو التوا میں ڈالنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو کبھی نہیں سنا افغانستان پر کیا سوچ ہے، پی ٹی ایم کے ایجنڈے کو پی پی آگے بڑھاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جاوید لطیف سیاسی جوکر ہیں، انہوں نے بڑی سطحی گفتگو کی، بد قسمتی ہے کہ ایسے لوگ بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔
Comments are closed.