منگل17؍جمادی الثانی 1444ھ10؍جنوری2023ء

برطانیہ میں آدھی رات کو ہی شہزادہ ہیری کی کتاب کی فروخت کا آغاز

برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کی سوانح حیات’اسپیئر‘ کی مارکیٹ میں فروخت کا آغاز ہوگیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کئی مہینوں تک جاری رہنے والی  تشہیری مہم کے بعد بالآخر منگل کو شہزادہ ہیری کی سوانح حیات ’اسپیئر‘  ان کے آبائی ملک برطانیہ میں فروخت کے لیے پہنچ گئی ہے، جس سے شاہی خاندان کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1992ء میں مصنف اینڈریو مورٹن کے اشتراک سے ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا کی زندگی پر لکھی گئی کتاب ’ڈیانا: ہر ٹرو اسٹوری‘ کے بعد اب شہزادہ ہیری کی زندگی پر لکھی گئی کتاب شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کی جانب سے شائع کی جانے والی سب سے بڑی اور مشہور کتاب ہے، جسے فروخت کرنے کے لیے برطانیہ کے کچھ اسٹورز آدھی رات کو ہی کھل گئے۔

اس کتاب کے ساتھ برطانیہ اور امریکا کے 4 ٹیلی ویژنز کو دیے گئے انٹرویوز بھی شامل ہیں جبکہ اس کتاب کی 16 مختلف زبانوں میں آڈیو بُک بھی مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔

یاد رہے کہ شہزاد ہیری کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کی اسپین میں فروخت کا آغاز غلطی سے مقررہ وقت سے پہلےہوگیا، جس کے بعد کتاب کے کچھ اقتباسات آن لائن لیک بھی ہوچکے ہیں۔

اپنی یادداشت پر مبنی اس کتاب میں شہزادہ ہیری نے ان چیلنجز کا ذکر کیا ہے جو انہیں بطور رکن شاہی خاندان پیش آتی رہیں۔

ان کے مطابق شاہی خاندان میں انہیں اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اس شاہی جوڑے نے جنوری 2020ء میں شاہی ذمے داریاں اور اعزازات ترک کر کے امریکا جا کر زندگی کا آغاز کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.