
یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے برسلز میں کویت کے سفارتخانے جا کر کویتی سفیر سے ملاقات کی اور ان سے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان ایک سچے دوست اور اپنے ہمدرد کی وفات پر افسردہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام اور عالمی ترقی کے لیے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے غیر متزلزل عزم اور سرحدوں کے پار ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ان کے بصیرت انگیز کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کویت کے عوام اور شاہی خاندان کے ساتھ ہے۔
سفیر آمنہ بلوچ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس دوران احترام کے اظہار کے طور پر سفیر پاکستان نے کویت کے سفارت خانے میں تعزیتی کتاب میں یکجہتی کا پیغام بھی تحریر کیا۔
Comments are closed.