بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بدعنوان پولیس اہلکار کے گھر میں سونے کی ملمع کاری سے مزئین ٹوائلٹ کا انکشاف

بدعنوان پولیس اہلکار کے گھر میں سونے کی ملمع کاری سے مزئین ٹوائلٹ کا انکشاف

روس

،تصویر کا ذریعہSledcom.ru

،تصویر کا کیپشن

محل نما بنگلے میں سونے کی ملمع کاری والے غسل خانے پائے گئے

روس کے حکام کے مطابق بدعنوان پولیس اہلکاروں کے ایک گینگ کے خلاف تحقیقات کے دوران ایک محل نما بنگلے پر چھاپے مارا گیا جس میں سونے کی ملمع کاری سے مزئین ٹوائلٹ اور دیگر آسائشیں پائی گئیں ہیں۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی (ایس کے) نے اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس وسیع و عریض بنگلےکے بیرونی اور اندرونی مناظر دکھائے گئے۔ یہ بنگلہ ان کئی جائیدادوں میں شامل ہے جہاں اس تحقیقاتی کمیٹی کے اہلکاروں نے چھاپے مارے ہیں۔

روس کے جنوب میں سٹاروپل میں ٹریفک پولیس کے سربراہ کرنل الیکسی سیفونوو اور چھ دیگر افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق ٹریفک پولیس نے مبینہ طور پر رشوتیں لے کر کاروباری اداروں کو جعلی پرمٹ جاری کیے۔

ان پرمٹوں کا استعمال کرتے ہوئے تعمیراتی ساز و سامان اور اجناس لے کر جانے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو پولیس چوکیوں سے بغیر کسی جانچ پڑتال اور تلاشی کے گزرنے میں مدد ملتی تھی۔

جن افراد پر اس منظم جعل سازی کے الزامات لگائے گئے ہیں ان کی طرف سے ان الزامات پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

روس

،تصویر کا ذریعہSLEDCOM.RU

،تصویر کا کیپشن

یہ گھر پولیس کے بدعنوان افسران کے ایک گینگ کی ملکیت تھا

روس کے شمالی کوہ قاف کے خطے میں پولیس بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف ایک مہم چلا رہی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نے اس سلسلے میں ایسی جگہوں پر چھاپے مارے جن میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے گھر بھی شامل ہیں جہاں سے انھوں نے بڑی مقدار میں کرنسی نوٹ اور مہنگی ترین لگژری گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لی ہیں۔

روس

،تصویر کا ذریعہSLEDCOM.RU

تحقیقاتی کمیٹی ایس کے روس کا ایک ریاستی ادارہ ہے جو امریکہ کے ادارے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کی خطوط پر بنایا گیا ہے۔

ایس کے کا کہنا ہے کہ سیفونوو کے گینگ نے گذشتہ کئی برسوں میں ایک کروڑ نو لاکھ روبلز یا دو لاکھ پچپن ہزار ڈالر غیر قانونی طریقوں سے اکھٹے کیے۔ سیفونوو کو جن الزامات میں گرفتار کیا گیا وہ ثابت ہو جانے کی صورت میں انھیں 15 سال قید کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

روس

،تصویر کا ذریعہSLEDCOM.RU

سیفونوو سے پہلے ٹریفک پولیس کے سربراہ الیگزینڈر ارزانوکن کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ الیگزینڈر خنسٹائن جو روس کے ایوان صدر کی ایک حامی جماعت یونائیٹڈ رشن پارٹی کے منتخب رکن ہیں ان کا کہنا ہے اس علاقے میں 35 سے زیادہ ٹریفک پولیس افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انھوں نے سوشل میڈیا کی ایک ویب سائٹ ٹیلی گرام پر لکھا ہے کہ ‘اصل میں سٹارپول میں ایک مافیہ سرگرم ہے جو ہر چیز سے پیسہ بنا رہا ہے، بلیک مارکیٹ کی جعلی نمبر پیلٹوں سے کارگو پرمٹ بنانے اور ریت تک کی ترسیل تک۔’

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.