اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا۔
پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جھوٹی حکومت اور تباہی سرکار نے 3 سال میں پیٹرول کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ کیا، وزیرِ اعظم عمران خان نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کیا تھا، کہاں ہے وہ ریلیف؟
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا ہدف غربت نہیں غریب کا خاتمہ ہے، پی ڈی ایم ملک اور قوم کو اس عذاب سے نجات دلانے کے لیے سڑکوں پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل نا اہل اور ناجائز حکمرانوں کے خلاف فیصل آباد میں تاریخ ساز جلسہ ہو گا، جس کی صدارت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کریں گے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلسے میں نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز سمیت تمام جماعتوں کی قیادت شریک ہو گی۔
Comments are closed.