اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بجلی بم گرا دیا گیا، نیپرا نے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے فی یونٹ ایک روپے 71 پیسے بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے (1.71 روپے بڑھانے) کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قیمت میں حالیہ اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے کے نئے اضافے کا اطلاق رواں ماہ (اکتوبر) ہی کے بلز پر ہوگا۔
بجلی مزید مہنگی ہونے سے صارفین پر 22 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔
Comments are closed.