جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی۔

درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی جس کے دوران بشریٰ بی بی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی 3 ضمانت کی درخواستیں اے ٹی سی نے منظور کر لی ہیں۔

جج نے پوچھا کہ اے ٹی سی نے کس بنیاد پر بانیٔ پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کیں؟

پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ بانیٔ پی ٹی آئی جائے وقوع پر موجود بھی نہیں تھے، ان کی عدالت پروڈکشن کے لیے عدالت نے رپورٹ طلب کی ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ پروڈکشن رپورٹ کہاں ہے؟ پراسیکیوٹر کمرۂ عدالت میں کیوں نہیں؟

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر بانیٔ پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش نہیں کرنا چاہ رہی۔

جج نے پی ٹی آئی کے وکلاء سے کہا کہ آپ نے روایت ڈالی ہے کہ جہاں آپ ہوں وہیں عدالت پیش ہو جاتی ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ عدالت میں پیش کرنے کی رپورٹ طلب کرتا ہوں، آئندہ تاریخ تک طے کرتے ہیں کہ سماعت کہاں ہو گی، بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کا کیا اسٹیٹس ہے؟

وکیل نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس پر رپورٹ پینڈنگ ہے۔

بعد ازاں عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.