قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد کی جانب سے پلیئنگ الیون سے متعلق نیا بیان جاری کیاگیا ہے۔
کپتان بابر اعظم کے والد، اعظم صدیقی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر گرین شرٹس کو افغانستان سے جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
انہوں نے میچ کے دوران گراؤنڈ میں لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے انسٹا پوسٹ میں لکھا ہے کہ سلام پاکستان! یہ تصویر آخری دس بالوں سے پہلے کی ہے، ہمارے دلوں میں اللّٰہ کی رحمت اور جیتنے کا یقین تھا جو اللّٰہ نے پورا کیا، پاکستان کو فائنل کی بھی مبارک اور اللّٰہ اُس میں بھی جیت دے۔
اعظم صدیقی نے مزید لکھا ہے کہ آپ اور میں جیت مانگ رہے ہیں کیونکہ اللّٰہ کے فضل سے ساری ٹیم کے لڑکے بابر بن گئے ہیں اور بابر کو صرف ایک میچ چاہیے اس جمود سے نکلنے کے لیے، اللّٰہ خیر کرے گا۔
بابر اعظم کے والد کا کہنا ہے کہ یہاں حضرت علیؓ کا قول یاد آرہا ہے کہ میں نے اپنی ناکامیوں سے اللّٰہ کو اور بہتر جانا، دعا ہے فائنل نوید سحر و فتح اور جیت کا پیغام لے کر آئے ۔
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی محمد رضوان سے متعلق لکھا کہ رضوان کو نمبر 1 بننے پر دلی مبارک اور نسیم شاہ کے چھکے مدتوں یاد رکھے جائیں گے اور فائنل جیتنے پر ہم سب پورے زور سے نعرے لگائیں گے، انشاء اللّٰہ، پاکستان زندہ باد۔
Comments are closed.