قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں کتنی سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوں سکیں گے، اس حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے بڑی پیشگوئی کر دی۔
گوتم گمبھیر نے ایک حالیہ انٹرویو میں بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان کے پاس جس طرح کی ٹیکنیک ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے 3 یا 4 سنچریاں تو بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023ء بھارتی کپتان روہت شرما اور پاکستانی کپتان بابر اعظم دونوں کے لیے ہی شاندار ثابت ہو گا۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ ہوم گراؤنڈز پر روہت شرما کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے، وہ بھارت میں 80 میچز میں 58.42 کی اوسط سے 4148 رنز بنا چکے ہیں اور ان کے پاس 3 یا 4 ڈبل سنچریاں بھی ہیں تو مجھے یقین ہے کہ وہ اس ورلڈ کپ میں کچھ بڑا کرنے کے لیے بے چین ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر اس سے قبل بھی بابر اعظم کی صلاحیتوں کی تعریف کر چکے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بابر اعظم کے پاس وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جس سے وہ ورلڈ کپ میں آگ لگا سکتے ہیں۔
Comments are closed.