جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے ساتھ ہی بابر اعظم اور محمد رضوان نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔
ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ پاکستان کے خلاف یہ دوسری مرتبہ 200 رنز کا اسکور تھا۔
شاہینوں کے سامنے جنوبی افریقی کنڈیشنز میں 200 رنز کا ہندسہ تھا لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان نے جم کر مقابلہ کیا اور یہ ٹوٹل عبور کرلیا۔
دونوں نے مل کر 197 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جو پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے پاس تھا جنھوں نے زمبابوے کے خلاف اگست 2013 میں 143 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنر شپ بنائی تھی۔
یہی نہیں بلکہ کپتان اور وکٹ کیپر کی یہ پارٹنر شپ دوسری اننگز عالمی ریکارڈ پارٹنر شپ بھی ہے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچ کی دوسری اننگز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کے پاس تھا، جنہوں نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 171 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنائی تھی۔
اس فہرست میں جوس بٹلر اور ڈیوڈ ملان تیسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف 167 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنائی۔
آج کے میچ میں قومی ٹیم کے ریکارڈ کی بات یہیں ختم نہیں ہوتی، گرین شرٹس نے 200 سے زائد رنز کا ہدف عبور کرتے ہوئے بھی ایک ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان ٹیم کم سے کم وکٹیں گنوا کر 200 یا اس سے زائد کا ہدف عبور کرنے والی ٹیم بھی بن گئی۔
گرین شرٹس نے پروٹیاز کی جانب سے دیا گیا 204 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔
خیال رہے کہ 17 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 200 سے زائد کا ہدف حاصل ہوا لیکن کوئی بھی ٹیم ایک وکٹ گنوا کر یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکی۔
Comments are closed.