جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

ایک ہفتے میں کیا مہنگا اور کیا سستا ہوا؟ رپورٹ آگئی

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ61 فیصد بڑھی ہے۔ جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 15 اعشاریہ 35 فیصد پر پہنچ گئی۔

ایک ہفتےکے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی، ٹماٹر، چکن سمیت 22 اشیاء مہنگی ہوئیں جبکہ 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کی مہنگائی پر جاری ہفتہ وار رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران چکن 21 روپے فی کلو مہنگی ہوئی اور اوسط قیمت 259 روپے86 پیسے پر پہنچ گئی۔

چینی کی فی کلو قیمت 59 پیسے اضافے کے بعد 99 روپے ہوگئی۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 9 روپے 72 پیسے اضافہ ہوا، گھی 2 روپے 88 پیسے فی کلو، دال مسور ایک روپیہ فی کلو اور انڈے 61 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر 7 روپے 85 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، کیلا ایک روپے 49 پیسے، دہی 28 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

حالیہ ہفتے دال چنا، تازہ دودھ، چاول، مٹن اور بیف کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن 16 روپے 42 پیسے فی کلو، پیاز 8 روپے 81 پیسے اور آلو 79 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 9 روپے 48 پیسے سستا ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.