جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ایون فیلڈ،العزیزیہ ریفرنسز میں نواز شریف کی پیشی، قواعد و ضوابط کا سرکلر جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی پیشی کے لیے قواعد و ضوابط سے متعلق سرکلر جاری کر دیا۔

سرکلر کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب 21 نومبر کو سماعت کریں گے۔

رجسٹرار کے سرکلر میں ہدایت دی گئی ہے کہ آئی جی اسلام آباد نواز شریف کی پیشی پر مناسب سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کمرۂ عدالت نمبر 1 میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری سیکیورٹی پاسز سے مشروط ہو گا، درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15 وکلاء کو کمرۂ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے سرکلر کے مطابق اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5، 5 وکلاء کو کمرۂ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 صحافیوں کو کمرۂ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے سرکلر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتِ عالیہ کے ملازمین ان انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.