بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

این اے 75 ڈسکہ: ضمنی الیکشن کی تاریخ تبدیل کردی گئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ پر ضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ڈسکہ سے قومی اسمبلی نشست پر ضمنی انتخاب 18 مارچ کے بجائے 10 اپریل کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی شفاف اور انتظامی امور کے لحاظ فول پروف انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے توجہ دلائی کہ تمام ضلعی اور ڈویژنل افسران کی معطلی یا تبادلے کردیےگئے ہیں، نئے تعینات افسران کو انتظامی صورتحال سمجھنے اور مکمل قابو کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج این اے 75 ڈسکہ پر 20 فروری کو ہونے والا الیکشن کالعدم قرار دینے کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں عدالت عظمیٰ نے اس پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کیا۔

این اے 75 ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن کے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی، جس کی آج سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ دوبارہ الیکشن کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر نتائج کا اعلان کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.