جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

این اے 75: الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکومت کا اپیل کرنے کا فیصلہ

ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکومت  نے  اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ ضمنی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں، پی ٹی آئی امیدوار فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈسکہ کے عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ فاتح امیدوار کوحلقے کی نمائندگی سے روکنا سمجھ سے بالا تر ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

این اے 75 ڈسکہ میں پولنگ بیگز کی گمشدگی کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پورے حلقے میں 18 مارچ کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔

مسلم لیگ نون کی امیدوار نوشین افتخار کی جانب سے ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے جبکہ تحریکِ انصاف کے امیدوار اسجد ملہی نے اپنے وکیل کو تبدیل کر لیا، اسجد ملہی کی جانب سے پہلی سماعت میں سید محمد علی بخاری بطور وکیل پیش ہوئے تھے جبکہ آج کی سماعت میں بیرسٹر علی ظفر نے ان کی جانب سے وکالت کے فرائض انجام دیئے۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ کمشنر ڈسکہ اور ریجنل پولیس آفیسر ڈسکہ کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔ کمشنر اور آر پی او کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا تھا کہ جن 23 پولنگ اسٹیشنز پر نون لیگ نے اعتراض اٹھایا تھا ان پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار اسجد ملہی کے وکیل کا کہنا تھا کہ قانون میں کوئی ٹائم لمٹ نہیں کہ پریزائیڈنگ افسر کب آئے، تاخیر سے آنا کوئی جواز نہیں کہ دھاندلی ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے دورانِ سماعت پی ٹی آئی کے امیدوار سے پوچھا کہ اسجد ملہی! آپ نے الیکشن کے دن کوئی شکایت کمیشن کو نہیں کی؟ جبکہ آپ کے مخالفین کی شکایات ہمیں مل رہی تھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.