پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ہوئے ضمنی انتخاب میں امیدوار عبدالقادر مندوخیل کے وکیل عبداللطیف کھوسہ کا کہنا ہےکہ ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ مفتاح اسماعیل کی درخواست مسترد کی جائے، الیکشن کمیشن درخواست مسترد کر کے نتائج کا اعلان کرے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ڈھائی بجے نتائج کے بعد دوبارہ گنتی کی درخواست دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست کے ساتھ کوئی ثبوت نہیں دیئے گئے، یہاں بدقسمتی سے کوئی اپنی ہار تسلیم نہیں کرتا۔
لطیف کھوسہ کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ کو جب ہار نظر آگئی تو واک آؤٹ کر گئے، نون لیگ کی استدعا تھی دوبارہ گنتی کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے کوئی شکایت نہیں آئی، رات کے ڈھائی بجے، الیکشن کے نتائج آنے کے بعد ریٹرنگ آفسر کو درخواست دی جاتی ہے۔
پی پی کے وکیل نے کہا کہ اگر آپ دوبارہ گنتی چاہتے ہو تو ٹھوس دلائل دو اور شواہد موجود ہوں، یہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کوئی بھی اپنی ہار الیکشن میں نہیں مانتا، ہماری الیکشن کمیشن میں یہی استدعا ہے کہ نون لیگ کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔
لطیف کھوسہ نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی اور باقی درخواستوں کو الیکشن کمیشن نے سننے سے انکار کر یا، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ان کی الگ سے درخواست دائر کی جائے۔
Comments are closed.