کراچی کے حلقے این اے 249 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی کارروائی کے لیے درخواست دے دی۔
مفتاح اسماعیل نے درخواست میں کہا کہ این اے 249 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی تک الیکشن کمیشن سربمہر بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان فوری تحویل میں لے۔
درخواست میں کہا گیا کہ اس درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک انتخابی مواد رینجرز یا پاک آرمی کی نگرانی میں رکھا جائے۔
مفتاح اسماعیل نے درخواست میں کہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست پر فوری کارروائی پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے درخواست میں مزید کہا کہ این اے 249 کے حتمی نتائج جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے حکم امتناعی پر شکر گزار ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولنگ عملے اور پریذائیڈنگ افسران کی اکثریت کا تعلق سندھ حکومت سے تھا، جس نے حکمران جماعت کا ساتھ دیا۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ انتخاب میں حصہ لینے والی ہر جماعت اور امیدوار نے اس کی شکایت کی ہے، بیلٹ پیپرز سندھ پولیس کی تحویل میں ہیں، جوسندھ حکومت کا ہی ذیلی محکمہ ہے۔
ن لیگی امیدوار کا کہنا تھا کہ ہمیں بیلٹ پیپرز کی حفاظت سے متعلق شدید خدشہ ہے، بیلٹ پیپرز، کاونٹر فائلز، انتخابی فہرستوں کی نشان زدہ نقول، بیلٹ پیپر اکاؤنٹس میں ردوبدل کا خدشہ ہے۔
Comments are closed.