الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کا این اے 133 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی افواہوں میں حقیقت نہیں۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہوگئی۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے بتایا کہ مبینہ ویڈیو اسکینڈلز کی فرانزک اور تحقیقاتی رپورٹس جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حلقہ این اے 133 لاہور کا ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق 5 دسمبر کو ہو گا، بیلٹ پیپرز پر 11 امیدواروں کے نام اردو حروفِ تہجی کی ترتیب سے چھاپے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز سمیت دیگر پولنگ کا سامان 4 دسمبر کو پریذائیڈنگ آفیسر کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ مبینہ ویڈیو اسکینڈلز کی تحقیقات، ووٹو ں کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی گرفتاری اور جگہ کے تعین کے لیے چیئرمین نادرا، چیئرمین پیمرا، آئی جی پنجاب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو حکم دے رکھا ہے، فرانزک اور تحقیقاتی رپورٹس ملتے ہی ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے یہ بھی کہاکہ انتخابی ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرایاجا رہا ہے، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو وارننگ اور جرمانوں جیسی سزائیں دی جا رہی ہیں۔
Comments are closed.