
رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اب ایم کیو ایم پاکستان جتنی مضبوط ہے اتنی ماضی میں نہیں تھی، فیصلے اب یہاں ہو رہے ہیں، کوئی فون پر ہدایات نہیں دے رہا اور یہ واحد جماعت ہے جو ملک کو منہگائی کی دلدل سے نکالے گی۔
مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میؤ برادری نے ایم کیو ایم میں شمولت کا فیصلہ کیا ہے، میں ان تمام افراد کو ایم کیو ایم میں خوش آمدید کہتا ہوں، اس قافلے کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ اپنی آنے والی نسل کی بقا کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو آپ آئیں، شکایات کے علاوہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو تفریق کو چھوڑ کر آئیں، ہم کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے کہ آنے والی نسلیں خمیازہ بھگتیں۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، طاقت بیلٹ کے ذریعے آئے گی، کوئی اور طریقہ نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم انسان ہیں غلطیاں ہوئی ہوں گی اور ہو رہی ہوں گی لیکن ہم سب سارے بروں سے کم برے ہیں، غلطیاں سدھار رہے ہیں اور آپ کے درمیان رہنے والے لوگ ہیں تو آپ کو تسلی ہونی چاہیے کہ آپ کا ہاتھ ہمارے گریبان تک جا سکتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غریبوں کو ایوانوں میں بھیجا ہے، غریب نوجوانوں کو ہم نے ایم این اے بنایا ہے، ہمارے آبا و اجداد کی قبریں اور اولادیں اسی ملک میں ہیں، ہمیں زمینی حقائق کو مدِ نظر رکھ کر فیصلے کرنے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس حرام کا پیسہ نہیں کہ دیگیں چڑھائیں، ہمارے ساتھ کھڑے ہوں آپ دیکھیں گے کہ ایم کیو ایم سب کو نمائندگی دے گی۔
رہنما ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنے سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جس نے ایک قطرہ پانی نہیں دیا، بلکہ ہمارا پانی چوری کر کے ہمیں ہی بیچا جا رہا ہے، ساڑھے 5 لاکھ افراد کو نوکریاں دیں، ان میں ایک بھی کراچی کا نہیں، 40 فیصد کوٹہ ان کے بڑوں کا رائج کردہ ہے وہ بھی نہیں دیتے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ظلم جنوری کے آخر میں الیکشن میں ریزہ ریزہ کر دیں گے۔
Comments are closed.