بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایل این جی کی قلت سے کراچی کی صنعت بند ہے، مفتاح اسماعیل

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایل این جی گیس کی قلت ہے، گیس کی بندش سے ملک کی برآمدات اور ٹیکس پر بہت فرق پڑے گا، کراچی کی پوری صنعت آج بند ہے۔

مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ  ملک میں بے روزگاری بڑھے گی، جون میں گیس کی قلت کی یہ حالت ہے تو دسمبر میں کیا ہوگا، کل حماد اظہر نے جھوٹ بولا ہے، یہ نا اہلی اور کرپشن کا بازار گرم کیئے ہوئے ہیں، تین ماہ پہلے کہتے تھے کہ نون لیگ زیادہ گیس کا انتظام کر گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اب حماد اظہر کہتے ہیں کہ سابق حکومت گیس کی کمی کی ذمے دار ہے، یہ پورے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں، پریشر کم کر رہے ہیں،  پچھلے سال ندیم بابر کو 3 سے 4 ڈالر گیس مل رہی تھی، لیکن نہیں لی گئی، جون کے مہینے میں تاریخ میں کبھی گیس کی قلت نہیں ہوئی، انہیں 4 ڈالر کی گیس مل رہی تھی مگر یہ 7، 8 ڈالر کی گیس لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے رہائشی علاقوں میں بھی گیس کی قلت ہے،  یہ 20 روپے کی بجلی ڈیزل سے بنا رہے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ فرنس آئل سے بجلی نہیں بنے گی،  2 سال سے ٹرمینلز کی مینٹیننس نہیں ہوئی، یہ فرنس آئل بھی منہگا ترین خرید رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس نومبر اور دسمبر میں فرنس آئل سے بجلی بنائی گئی، اگر بجلی وافر ہے تو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیوں ہے، ہم کام کر کے گئے، گیس وافر ہونی چاہیئے تھی، یہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ  آپ کراچی اور پاکستان میں گیس کے 2 کارگو نہیں لا رہے ہیں، آپ فرنس آئل استعمال کر رہے ہیں، کیوں کہ آپ ابھی مجبور ہو گئے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کسی بھی چینل پر میرے ساتھ آ جائیں، سب سے سستی بجلی نواز شریف کی لگائی گئی کوئلے کی بجلی ہے، حماد اظہر صاحب نہیں بتاتے کہ پرویز مشرف دور کی بجلی مہنگی ہے، حماد اظہر کے والد مشرف کے امیدوار تھے مگر ہار گئے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ یہ لوگ مشرف کی بات نہیں کرتے، انہیں جمہوری دور برا لگتا ہے، نیپرا کے پاس ساری تاریخیں موجود ہیں، یہ غلط بات نہ کریں، جب عمر ایوب وزیر بنے تو روز کہتے تھے کہ سرکلر ڈیبٹ ختم کرنے کے لیے بجلی بڑھا رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج بجلی مہنگی ہے، مگر سرکلر ڈیبٹ ابھی بھی موجود ہے، یہ کہتے ہیں کہ مہنگے بجلی گھر لگائے، ہمیں بتائیں کہ کونسا بجلی گھر مہنگا ہے، جھوٹ بولنا آسان ہے، لیکن کام کرنا ان کو نہیں آتا، یہ حکومت جھوٹ کی بنیاد پر قائم ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ  انہوں نے مجھے اور شاہد خاقان عباسی کو جیل میں رکھا، اس ٹرمینل کا کیس بنایا گیا جسے ایک منٹ بھی بند نہیں کیا جاتا، یہ ٹرمینل بے کار تھا تو اسے یہ لوگ بند کیوں نہیں کرتے، اس وقت ملک میں نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔

رہنما نون لیگ مفتاح اسماعیل کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم وائٹ لسٹ میں پاکستان کو لے کر آئے تھے، تین سال سے یہ فیٹف میں ہیں، ہماری حکومت میں ہم بلیک سے گرے اور گرے سے وائٹ میں آئے تھے، ہماری حکومت جانے سے پہلے پاکستان دوبارہ گرے میں گیا،  یہ 3 سال سے گرے سے باہر نہیں آ سکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.