بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایلون مسک کی دیرینہ دوست اور گوگل کے شریک بانی کی اہلیہ سے افیئر کی تردید

ایلون مسک اور گوگل کے شریک بانی کی اہلیہ کا مبینہ افیئر: ’میں اور سرگئے اب بھی دوست ہیں‘

  • پیٹر ہوپکنز
  • بزنس رپورٹر

ایلون مسک

،تصویر کا ذریعہGetty Images

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے گوگل کے شریک بانی سرگئے برن کی اہلیہ سے مبینہ تعلقات کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ اخبار وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس مبینہ تعلق کی ہی وجہ سے ایلون مسک اور گوگل کے شریک بانی کے درمیان دوستی ختم ہوئی۔

اس خبر کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’یہ مکمل بکواس ہے۔‘

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ وہ اور سرگئے برن اب بھی دوست ہیں اور ’گذشتہ رات دونوں ایک پارٹی پر اکھٹے تھے۔‘

ایلون مسک

،تصویر کا ذریعہ@ELONMUSK/TWITTER

وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں اس معاملے سے باخبر شخصیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ گذشتہ سال کچھ عرصے کے لیے ایلون مسک اور گوگل کے شریک بانی کی اہلیہ نکول شاناہان کے درمیان رومانوی تعلق رہا تھا۔

بی بی سی کی جانب سے سرگئے برن کے ساتھ ساتھ نکول شاناہان اور گوگل سے بھی ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔

اخبار کے مطابق اس تعلق کی وجہ سے سرگئے برن نے رواں سال کے آغاز میں طلاق کا کیس دائر کیا تھا جس کے بعد ’ٹیکنالوجی کی دنیا کے دو ارب پتی افراد کی دیرینہ دوستی ٹوٹ گئی تھی۔‘

مواد پر جائیں

پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

لیکن ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر پر کہا گیا کہ ’میں نکول سے گذشتہ تین سال میں صرف دو بار ہی ملا ہوں اور وہ بھی بہت سے لوگوں کی موجودگی میں۔ اس میں کوئی رومانوی چیز نہیں تھی۔‘

وال سٹریٹ جرنل کی خبر کے مطابق یہ افیئر گذشتہ سال دسمبر میں اس وقت شروع ہوا جب سرگئے برن اور ان کی اہلیہ علیحدگی کے باوجود اکٹھے رہ رہے تھے۔ وال سڑیٹ جرنل نے نکول شاناہان کے قریبی فرد کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ ’وال سٹریٹ جرنل نے میرے اور ٹیسلا کے خلاف اتنی واہیات خبریں چھاپی ہیں کہ اب مجھے ان کی تعداد بھی یاد نہیں۔‘

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق گوگل کے شریک بانی اور ان کی اہلیہ کے درمیان اس وقت طلاق سے جڑے مالی معاملات پر مذاکرات ہو رہے ہیں جس کی مالیت تقریبا ایک ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سرگئے برن اور نکول شاناہان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

سرگئے برن اور نکول شاناہان کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی

واضح رہے کہ نکول شاناہان کیلیفورنیا سے تعلق رکھتی ہیں اور پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ ان کے لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق وہ قانونی ٹیکنالوجی کمپنی کلیئر ایکسیس آئی پی اور بیا ایکو فاؤنڈیشن کی بانی ہیں۔

بیا ایکو فاؤنڈیشن ایک خیراتی ادارہ ہے جو ’زمین پر ماحولیات کے تحفظ اور قانونی نظام میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ برابری کا پرچار کرتی ہے۔‘

یاد رہے کہ ایلون مسک، جو ٹیسلا کے ساتھ ساتھ روکٹ کمپنی سپیس ایکس کے بھی مالک ہیں، اس وقت ٹوئٹر کے ساتھ ایک قانونی جنگ میں الجھے ہوئے ہیں جس کی شروعات ان کی جانب سے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالر کے عوض خریدنے کے منصوبے سے ہوئی۔

رواں ماہ کے آغاز پر ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف اس وقت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا تھا جب انھوں نے ٹوئٹر کی خریداری کے مجوزہ معاہدے سے دست برداری کا اعلان کیا تھا۔

ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کی دولت بلوم برگ کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق 240 ارب ڈالر تک ہے۔

اسی فہرست کے مطابق گوگل کے شریک بانی سرگئے برن تقریبا 95 ارب ڈالر کے مالک ہیں اور دنیا کے آٹھویں امیر ترین شخص ہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.