ہفتہ 22؍جمادی الاول 1444ھ 17؍دسمبر 2022ء

ایلون مسک کا متعدد صحافیوں کے معطل اکاؤنٹس بحال کرنے کا اعلان

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے متعدد صحافیوں کے معطل اکاؤنٹس بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے ووٹنگ کرائی تھی کہ میری لوکیشن کی آگاہی دینے والوں کا اکاؤنٹ کتنے دن میں بحال کیا جائے۔

ایلون مسک کی جانب سے ووٹنگ پر صارفین کو ’7 دن‘ اور ’ابھی‘ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا آپشن دیا گیا تھا۔

ٹوئٹر کے سربراہ کی جانب سے کرائے گئے پول پر 36 لاکھ 90 ہزار 639 لوگوں نے ووٹ دیے جن میں سے 58.7 فیصد لوگوں نے ’ابھی‘ جبکہ 41.3 فیصد لوگوں نے ’7 دن کے اندر‘ کا انتخاب کیا۔

ووٹنگ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ معطل کیے گئے اکاؤنٹس کو بحال کردیا جائے گا۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ میری لوکیشن کی تفصیلات ظاہر کرنے والوں کے معطل اکاؤنٹس بحال کردیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کے مالک نے گزشتہ روز ذاتی معلومات ظاہر کرنے پر متعدد صحافیوں کے اکاونٹس معطل کردیے تھے جس کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے ایلون مسک پر تنقید کی تھی۔

اس سے قبل ایلون مسک نے گزشتہ ماہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی سے متعلق لوگوں کی رائے جاننے کے لیے ایک پول کروایا تھا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر نےخبر رساں اداروں کے کئی صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کردیے۔

اس پول پر 51.8 فیصد لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کی حمایت میں جبکہ 48.2 فیصد لوگوں نے مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔

نتائج کے بعد ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کردیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.