معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر خلاء سے راکٹ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فالکن 9 راکٹ کا ایک ناقابلِ یقین ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
یہ ویڈیو ہائی ریزولوشن تو نہیں ہے لیکن زمین کی سطح کے بجائے خلاء سے راکٹ لانچ کو کیمرے کے ذریعے دیکھنا ایک دلکش احساس ہے۔
پہلی نظر میں دیکھنے پر یہ جاننا تھوڑا مشکل ہے کہ ویڈیو میں کیا ہو رہا ہے لیکن اگر ناظرین کلپ کے اوپری طرف دائیں جانب دیکھتے ہیں تو ایک چھوٹا سا سفید نقطہ موجود ہے جو وہ راکٹ ہے جس کے بارے میں ایلون مسک اپنے ٹوئٹ میں بات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس راکٹ کے لانچ کے 2 مراحل ہیں، سب سے پہلے راکٹ زمین سے ٹیک آف کرتا ہے اور پھر دوبارہ استعمال کے لیے زمین پر واپس آتا ہے۔
ایمنڈا کوزر نامی فری لانس صحافی نے امریکی میڈیا کے سامنے راکٹ لانچ کے اس طریقے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دوسرا مرحلہ مدار میں پے لوڈ کی ترسیل کو سنبھالتا ہے، اس مرحلے میں طاقتور راکٹ کو مدار میں جلانا اور خود کو ضائع کرنا ہوتا ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو پر کچھ سوشل میڈیا صارفین نے خلائی آلودگی پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسان نے اب تک مریخ کو 7 ہزار کلو گرام سے زیادہ کچرے سے آلودہ کر دیا ہے۔
Comments are closed.