جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ایف بی آر کو انڈر انوائسنگ، اوور انوائسنگ روکنے کیلئے نئے اہداف مل گئے

نگراں حکومت نے انڈر انوائسنگ اور اوور انوائسنگ روکنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو نئے اہداف دے دیے۔

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے اہم درآمدی پارٹنرز کے ساتھ الیکٹرونک ڈیٹا انٹرچینجز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ہانگ کانگ اور افغانستان کے ساتھ الیکٹرونک ڈیٹا انٹرچینج معاہدے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے الیکٹرونک ڈیٹا انٹرچینج کے لیے مفاہمت کی یادداشت کا مسودہ تیار کر لیا ہے، وزارت خارجہ کی مدد سے چاروں ممالک کو یہ مسودے مفاہمت کے لیے بھجوائے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کی کوشش ہے مفاہمت کی یادداشتوں پر جلد دستخط ہو جائیں، چاروں ممالک کے ساتھ مفاہمت سے درآمدات میں انڈر انوائسنگ روکنے میں مدد ملے گی۔

ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس سے قبل چین کے ساتھ الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینچ معاہدہ کر چکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.