بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، جو اتوار کو کھیلا جائے گا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 19.1 اوور میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔

بھانوکا راجاپکسے 24 ، ڈاؤسن شاناکا 21 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 9 رنز بنائے، کوشل مینڈس اور دنوشکا گناتھیلاکا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاتھم نسانکا 55 اور ونندو ہسارنگا 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی طرف سے محمد حسنین اور حارث رؤف نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر اس وقت گری، جب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 14 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان بیٹنگ کے لیے آئے اور کپتان کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا، لیکن وہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 13 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 63 رنز پر تھا۔

ابھی اسکور میں صرف 5 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ بابر اعظم 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔خوشدل شاہ 4، افتخار احمد 13 رنز بناسکے۔ اس طرح 91 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

گرین شرٹس کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہ رکا، آصف علی نے بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ لی۔95 کے مجموعی اسکور پر حسن علی صفر پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

ایشیا کرکٹ کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے  پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دبئی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

نائب کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ عثمان قادر اور حسن علی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔ 

قوم ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں جبکہ محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، عثمان قادر، حسن علی ، حارث رؤف اور محمد حسنین ٹیم کا حصہ تھے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی تھی۔ چریتھ اسالانکا اور اسیتھا فرنینڈو آج کا میچ نہیں کھیلے۔

ان کی جگہ دھننجایا ڈی سلوا اور پرامود مدھوسان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.