پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی زون رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں سردار عبدالرحیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کراچی زون رابطہ کمیٹی کے کنوینر بیرسٹر ارشد شر بلوچ، نعیم سجاد، بشیر لاڑک، فیصل بلوچ، جمشید خان، سر احمد سمیت کراچی کے تمام اضلاع کے صدور، سیکریٹریز، رابطہ کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کی جانب سے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کراچی پریس کلب پہنچنے پر شرکاء کا کراچی کے عوام پاکستان کے جھنڈے ہاتھوں میں لے کر تاریخی اور شاندار استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا جی ڈی اے اور فنکشنل لیگ کے کارکنان نے سندھ بھر میں شہروں اور دیہاتوں میں لانگ مارچ پہنچنے پر شرکاء کا شاندار استقبال کیا ہے، مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے عوام کو بھرپور طریقے سے سڑکوں پر نکل کر آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرنے سے متحد سندھ مضبوط پاکستان کی سوچ مزید پروان چڑھے گی۔
سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ 19 مارچ کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ کریں گے، ایس یو پی کی احتجاجی مارچ کے شاندار استقبال کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں اور مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے۔
بیرسٹر ارشد شر بلوچ نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت ہے، نااہل حکومت کی نااہلی کے باعث ہر پاکستانی پریشانی میں مبتلا ہے۔ ایس یو پی کی مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ جاری ہے۔ کراچی کے عوام 19 مارچ کو گھروں سے نکلے اور اپنے حقوق کے لیے شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مینڈیٹ کی باتیں کرنے والی جماعتیں کراچی کے وسائل لوٹ رہی ہیں اور کرپشن میں حصہ دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب میں پورا سندھ ابھی تک ڈوبا ہوا ہے، سیلاب متاثرین کے نام پر کرپٹ حکمرانوں نے اربوں روپے ہڑپ کرلیے ہیں۔
Comments are closed.