پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان سے حکومت نہ لی جاتی تو آج پاکستان ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتا، عمران خان نے گوادر بندر گاہ کا بیڑا غرق کردیا، عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ اور برباد کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ طاقت ور عقل سے عاری ہیں، جو عقل مند ہیں وہ طاقت سے عاری ہیں، اس ہفتے وزیراعظم سے ملاقات کروں گا، قبائلی لوگوں کو ان کا حق دینا ہوگا، قبائلی علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور پولیس خود کو بےبس سمجھتی ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی نوجوان اپنے مستقبل کے لیے پریشان ہے، قبائلی علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ کہتے رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا ہے، پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا مقصد ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ منگل اور بدھ کو حکمران اتحاد کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں فنانس، پیٹرولیم سمیت معیشت سے تعلق رکھنے والے افراد بریفنگ دیں گے، بریفنگ کے بعد معیشت کی استحکام کے لیے فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریٹس اور دیگر کو پاکستان کی بہتری کے لیے سوچنا ہوگا، اسپیکر نے جن لوگوں کے استعفے منظور کرلیے ہیں وہاں ضمنی انتخاب ہوگا، حکمران اتحاد کا اتفاق ہے کہ 2018 میں دوسرے نمبر پر آنے والی پارٹی کا امیدوار ہمارا متفقہ امیدوار ہوگا۔
Comments are closed.