وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن مذاکرات یا اصلاحات میں سنجیدہ نہیں، اپوزیشن والے اپنے 8، 10 کیسز سے آگے سوچتے ہی نہیں ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے یہ خود کہہ رہے تھے کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کی ساکھ پر ہمیشہ سوال اٹھتے رہے ہیں، زرداری اور پیپلز پارٹی کا ماضی رہا ہے ووٹ خریدنے کا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ووٹ خریدنے کی کوشش کریں گی، ن لیگ نے تحقیقات کی تھیں لیکن اپنے ارکان کو نکالنے کی جرات نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے 20 ارکان کو نکال باہر کیا، سینیٹ الیکشن سے متعلق ترمیم پاس کروانے کی کوشش کریں گے۔
فوادچوہدری نے کہا کہ 50 کروڑ روپے ایم این ایز کو نہیں حلقے کو دیے جارہے ہیں، 50 کروڑ روپے اگلے سال بجٹ کے بعد دیے جائیں گے اس کا سینیٹ الیکشن سے تعلق نہیں ہے۔
بلدیاتی حکومتوں سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کا نظام اتنا تبدیل کردیا گیا کہ ممکن ہی نہ تھا کہ پہلے سال الیکشن کروادیتے۔
انہوں نے کہا کہ نظام انصاف میں اصلاحات کا وعدہ پورا نہیں ہوا، معاملہ سست روی کا شکار ہے، ٹرانسپیرانسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اچھی رپورٹ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کو چاہیے کہ ان تمام انڈیکس کو غور سے پڑھیں۔
Comments are closed.