جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان سرزمین پر کئی برس بعد پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے والے فواد عالم خوشی سے نہال ہیں۔
کراچی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر سنچری میکر فواد عالم نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ شاید 10 سال کھیل کر یہ عزت نہیں ملتی جو آج مل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سنچری وہ بھی قومی ٹیم کے لیے کرنا بہت زبردست احساس ہے، مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف 2 خراب اننگز کھیلنے کے باوجود میری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
سنچری میکر نے مزید کہاکہ مینجمنٹ کی سپورٹ ہے، جس کی وجہ سے کافی اعتماد مل رہا ہے، جب ٹیم مینجمنٹ سے اعتماد ملتا ہے توبہت چیزیں بہتر ہوجاتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ ہر اننگز میں بہتر سے بہتر پرفارم کروں، یونس خان ہمیں ہمارے لیول پر آکر سمجھاتے ہیں، بیٹنگ کوچ کی موجودگی سے ہماری چھوٹی چھوٹی فائن ٹیونگ ہوتی ہے۔
فواد عالم نے یہ بھی کہا کہ جب مجھے موقع نہیں ملا تھا تب بھی کسی سے شکوہ نہیں کیا، جومیرے نصیب میں ہے وہ مجھے ضرور ملے گا، اللّٰہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں، ہر چیز کے ملنے کا وقت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ملا اس پر شکرادا کرتا ہوں، کبھی یہ نہیں سوچتا کہ میرے 10 سال ضائع ہوئے، ہم کون ہوتے ہیں کسی کو معاف کرنے والے، شاید 10 سال کھیل کریہ عزت نہیں ملتی جو آج مل رہی ہے۔
فواد عالم نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف آج کوشش یہی تھی کہ جتنا لمبا کھیل سکوں کھیلوں، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم کے لیےکردار ادا کرنے میں کامیاب رہا۔
اُن کا کہنا تھاکہ آج صبح مشکل صورتحال تھی کوشش یہی تھی کہ جنوبی افریقا کے اسکور کے قریب تک جائیں۔
Comments are closed.