اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل جی ریفرنس کی سماعت کے دوران جج نے سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی سے ان کی وکیل کی خیریت دریافت کی۔
سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی ایل جی ریفرنس کی سماعت کے دوران اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
ان سے فاضل جج نے دریافت کیا کہ آپ کے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ اب کیسے ہیں؟
شاہد خاقان عباسی نے انہیں بتایا کہ بیرسٹر ظفر اللّٰہ ابھی کورونا پازیٹو ہیں، آئندہ سماعت پر اگر نیگیٹو ہوئے تو عدالت آ جائیں گے۔
جج نے استفسار کیا کہ آج کس ملزم کے وکیل کو گواہ پر جرح کرنی ہے؟ آج گواہ نمبر دو پر شریک ملزمان جرح مکمل کریں۔
عبداللہ خاقان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل کچھ دیر تک ہائی کورٹ سے پہنچیں گے۔
وکلاء کی عدم موجودگی پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا جبکہ شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت مل گئی۔
Comments are closed.