وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نےکہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے 3 ساڑھے 3 سال میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران جام کمال نے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) میں نیا دھڑا بننے کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن قبل ہم نے صوبائی کابینہ کا اجلاس کیا تھا، عدم اعتماد کی تحریک کے لیے نمبر گیم آپ کے سامنے آجائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہر طرح کے سیاسی بحران کا سامنا کریں گے، سیاسی معاملات ہمیشہ بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بہت سارے دوستوں کو الگ سے تصویر دکھائی گئی ہے، ہمارے لئے سب قابل احترام ہیں۔
جام کمال نے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے بھی ان کے ساتھ بیٹھے ہیں، آئندہ بھی بیٹھتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام انتظامی افسران اپنا کام کر رہے ہیں، ہم بلوچستان کی ساکھ کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انفرادی معاملات الگ ہیں، سیاسی معاملات مذاکرات اور بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ مزید مضبوط ہوگی، ہم ہر طرح کے سیاسی بحران کا سامنا کریں گے، پانچ سال تک ہم معاملات چلاتے رہیں گے۔
Comments are closed.