سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ نوابشاہ میں سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مجھ پر حملہ کروایا ہے۔
ایک بیان میں تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما نے کہا کہ نوابشاہ میں زرداری ہاؤس کے قریب آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے مجھ پر حملہ کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا، انڈے پھینکے گئے، ساتھیوں کو زدوکوب کیا گیا اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے قافلے پر دو انڈے پھینکے گئے، لیکن پولیس کو پتھر اور گولیوں کے خول نہیں ملے۔
پولیس حکام کے مطابق حلیم عادل شیخ کو پولیس پروٹوکول دیا تھا، انہوں نے روٹ تبدیل کیا اور زرداری ہاؤس کے قریب سے گزرے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ سندھ حکومت کی کرپشن بے نقاب کر رہے ہیں، اسی لیے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور حکومتی مشینری حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
Comments are closed.