آزاد کشمیر کے 2 حلقوں ایل اے 12 کوٹلی اور ایل اے 3 میر پور پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ایل اے12، کوٹلی 5 چڑھوئی میں 198 پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے ہیں، جن میں سے 101 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین اور 36 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
حلقے کی حساس صورتِ حال کے باعث یہاں پاک فوج کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود ہوں گے۔
اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 428 ہے، یہ حلقہ دولیا جٹاں، کالا ڈب، چڑھوئی شہر، دھمال اور لائن آف کنٹرول تک پھیلا ہوا ہے۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یاسین 2 حلقوں ایل اے 10 اور 12 سے کامیاب ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 1 نشست ایل اے 12 چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
ایل اے 12 کوٹلی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 14 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
یہاں پیپلز پارٹی کے عامر یاسین، پی ٹی آئی کے شوکت فرید ایڈووکیٹ اور راجہ ریاست خان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
حالیہ عام انتخابات میں یہاں 2 افراد کے قتل کا افسوس ناک واقعہ بھی ہو چکا ہے جس کے الزام میں پی پی پی کے امیدوار جیل سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میر پور میں 148 پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے ہیں، یہ سیٹ پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کے آزاد کشمیر کے صدر بننے سے خالی ہوئی تھی۔
ایل اے 3 کے 148 پولنگ اسٹیشنز کے لیے 147 پریزائڈنگ افسران اور 57 دیگر عملے کے افراد تعینات کیئے گئے ہیں۔
اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 85 ہزار 917 ہے، یہ انتخابی حلقہ خان پور، کھاڑک، رٹھوعہ محمد علی، تھوتھال، سنگھوٹ، میونسپل کارپوریشن کے علاقوں اور نیو سٹی کے اے سے لے کر ایف تک سیکٹرز کے ایریاز پر مشتمل ہے۔
حلقہ ایل اے تھری میں نمایاں امیدواروں میں مسلم لیگ نون کے چوہدری محمد سعید، پی ٹی آئی کے یاسر سلطان چوہدری اور پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف شامل ہیں۔
Comments are closed.