قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی میں ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار عبدالقادر مندوخیل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے سلسلے میں آر او آفس پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار و رہنما عبدالقادر مندوخیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی فتح پر اعتماد ہے، آج بھی شکست نون لیگ کا مقدر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم حلقے کے ووٹرز اور الیکشن کے ماحول کو جانتے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت نہیں گئے۔
قادر مندوخیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دباؤ کی وجہ سے نون لیگ کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں جہاں جہاں تحفظات ہیں دوبارہ گنتی کی اپیل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کیا گزشتہ روز خوشاب میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں دھاندلی نہیں ہوئی؟
قادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ نون لیگ جہاں ہار جاتی ہے وہاں دھاندلی کا الزام لگاتی ہے اور جہاں جیت جاتی ہے وہاں کوئی شکایت نہیں کرتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ 249 میں اے این پی اور جمعیت علمائے اسلام نے بھی ہمیں سپورٹ کیا۔
پی پی امیدوار نے یہ بھی کہا کہ نہیں پتہ کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کس طرح ہو گی، امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہی آئے گا۔
واضح رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج صبح ہو رہی۔
29 اپریل کو ہونے والے انتخاب میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ نون دوسرے نمبر پر آئی تھی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل نے نتیجے کو مسترد کر کے دھاندلی کا الزام لگایا تھا اور الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست کی تھی۔
تحریک انصاف نے دوبارہ گنتی کے بجائے دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے نون لیگ کی درخواست مان لی تھی۔
Comments are closed.